۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا سید کاظم رضوی

حوزہ/ آیۃ اللہ محمد علی تسخیری کی عظیم شخصیت کا فقدان دینی، سیاسی ، مذہبی، فرہنگی اور اتحاد ِادیان و مذاہب کے تمام حامیوں کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،صدر علامہ رضوی فاونڈیشن،بنیاد اختر تابان قم المقدسہ، حجۃ الاسلام مولانا سید کاظم رضوی نے آیۃ اللہ محمد علی تسخیری کی اس دار فانی سے مکان ابدی کی طرف کوچ کر جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد ادیان و مذاہب کا ایک اور علمبردار رخصت ہوگیا۔

مولانا سید کاظم رضوی نے کہا کہ آیۃ اللہ محمد علی تسخیری کی عظیم شخصیت کا فقدان دینی، سیاسی ، مذہبی، فرہنگی اور اتحاد ِادیان و مذاہب کے تمام حامیوں کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے، آپ کی ذات دنیا کے تمام مسلمانوں خصوصا اہل بیت(علیہم السلام) کے پیروکاروں اور دوستوں کے لئے ایک عظیم سرمایہ تھی، جنہوں نے مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی اور مجمع جہانی اہل بیت(علیہم السلام) کے دبیر کل اور سازمان فرھنگ و ارتباطات اسلامی کے مدیر اور دنیائے اسلام کے فرہنگی امور میں مقام معظم رہبری(دام ظلہ) کے مشاور اور مجلس خبرگان رہبری کے اہم رکن ہونے کی حیثیت سے بہت سی اہم خدمات انجام دینے کا شرف حاصل کیا ہے۔ 

آپ ایک عظیم شخصیت کے حامل تھے جن کی کوششوں سے جہان انسانیت کے مختلف ادیان اور مذاہب میں باہمی قربت اور اتحاد کی فضا قائم ہوئی اور بہت سے فتنوں کا سدِّ باب ہوا  اور اتحاد کے حامیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
بنیاد اختر تابان اس غمناک اور المناک فقدان کے موقع پر امام زمانہ(عج)، رہبر معظم اور دیگر تمام مراجع عظام، علمائے کرام، تمام دینی و مذہبی اداروں خصوصا مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی اور مجمع جہانی اہل بیت(علیہم السلام) کے عہدہ داران و کارکنان اور مرحوم کے پس ماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .